538349

عامر لیاقت کے کچن سےپیش خدمت ہے لذت میں یکتا ،آنچ میں دھیما…دَم کا قیمہ

اجزا:
٭…قیمہ… آدھا کلو
٭…دہی… ایک پاؤ
٭…تیل… چار کھانے کے چمچ
٭…ادرک لہسن پیسٹ …دو کھانے کے چمچ
٭…پیاز …دو عدد ﴿درمیانی سائز
٭…ہری مرچیں… چار عدد
٭…ہرا دھنیا… ایک چوتھائی گٹھی
٭…کچا پپیتا… تین کھانے کے چمچ ﴿ہلکا پیلا
٭…گرم مصالحہ… ایک چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا
٭…زیرہ… ایک کھانے کا چمچ
٭…ثابت دھنیا… ایک کھانے کا چمچ
٭…لال مرچ …دو کھانے کے چمچ ﴿پسی ہوئی
٭…ہلدی… ایک چائے کا چمچ
٭…نمک …حسبِ ذائقہ
٭…زردے کا رنگ… حسبِ ضرورت

ترکیب:
٭…سب سے پہلے زیرہ اور ثابت دھنیا تھوڑا کُوٹ کر قیمے میں ڈالیں پھر ادرک لہسن کا پیسٹ، پپیتے کا پیسٹ، لال مرچ، ہلدی، پسا ہوا گرم مصالحہ اور نمک ڈال کر اچھی طرح ملا کر رکھ دیں۔
٭…پھر دو عدد درمیانی پیاز لے کر نصف گولائی میں کاٹ لیں اور چاروں ہری مرچیں باریک کاٹ لیں اور ہرا دھنیا بھی باریک باریک کاٹ لیں۔
٭…پھر ایک الگ برتن میں دہی نکال لیں، اُسے اچھی طرح پھینٹ لیں اس میں زردے کا رنگ شامل کر دیں۔
٭… تیل ایک برتن میں ڈال کر گرم کریں۔
٭…پہلے پیاز برتن میں پھیلائیں۔
٭…آنچ بالکل ہلکی رکھیں۔
٭…پھر پیاز کے اوپر قیمے کی تہہ بچھائیں۔
٭…اس کے بعد اس کے اوپر ہری مرچ اور ہرا دھنیا کی تہہ لگائیں پھر آخری تہہ زردے کا رنگ مِلے دہی کی لگائیں۔
٭…اس کے بعد دوبارہ ساری تہیں اُسی طرح لگا کر آخر میں بچا ہوا ہرا دھنیا ڈال کر پتیلی کا ڈھکن ڈھانپ دیں اور ہلکی آنچ پر تقریباً آدھے گھنٹے کے بعد اُتار لیں۔
٭…مزیدار دَم کا قیمہ تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں