123812

سائنسدان شارک کی جلد جیسے ڈرون کاریں اور طیارے تیار کریں گے

میسا چوسٹس(عامر لیاقت نیوز ) ہارورڈ یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے شارک مچھلی کی جلد جیسا ایک دھاتی ڈھانچہ تیار کیا ہے ، جسے طیاروں ، ڈرونز، کاروں اور ونڈ ٹربائینز میں استعمال کرکے ان کی ایروڈائنامک کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ جرنل آف رائل سوسائٹی انٹرفیس میں شائع ہونے والےتھیسس کے مطابق انہوں نے دنیا کی تیز رفتار شارک شارٹفن میکو کی جلد سے متاثر ہو کر اس جیسا ڈیزائن بنانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ شارک کی جلد بہت پراسرار ہے ۔ اس پر ہزاروں کی تعداد میں مختلف اقسام کے چھوٹے چھوٹے سکیلز (چھلکے) ہوتے ہیں ۔ جو اسے تیز رفتاری سے پانی میں آگے بڑھنے میں مدد دیتے ہیں ۔ سائنسدانوں کی ٹیم نے مائیکرو سی ٹی سکینر کا استعمال کرتے ہوئے شارک کی جلد کی ساخت کا جائزہ لیا اور تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے سے پرنٹ نکال کر ان سکیلز جیسے ڈیزائن کا دھاتی ڈھانچہ تیار کیا ہے ۔ جس کی مدد سے وہ طیارے اور ڈرون بنائیں گے ۔ انہیں امید ہے کہ اس ڈیزائن والی باڈی کے تیا ر کردہ طیارے ، کار اور ڈرونز زیادہ تیز رفتار ہوں گے اور ان کی ایرو ڈائنامک کارکردگی بھی بہت بہتر ہو گی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں